عظمیٰ ویب ڈیسک
قاضی گنڈ/جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں ایک رہائشی مکان میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جب کہ ایک مشتبہ شخص کو اہل خانہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب زاہد احمد بانڈے، جو مکان مالک کا بیٹا تھا، نے چند نامعلوم افراد کو گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جن کا ارادہ چوری کرنا تھا۔ مزاحمت کے دوران ایک حملہ آور نے زاہد پر تیز دھار ہتھیار سے وار کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔زاہد کو فوری طور پر ایمرجنسی اسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ادھر، دیگر اہل خانہ نے ایک حملہ آور کو قابو میں کر کے پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کے حوالے کر دیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک نقلی پستول اور ایک تیز دھار چاقو برآمد ہوا۔
زیر حراست ملزم کو بھی تصادم کے دوران چوٹیں آئیں، جسے بعد میں جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ دیگر حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
قاضی گنڈ میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، مزاحمت پر نوجوان جاں بحق، ایک ملزم گرفتار
