تربیتی مصنوعات کی فروخت سے 1.07 کروڑ کی آمدنی حاصل
سرینگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر نے ہنر مندی کے فروغ اور کاریگروں کے بااِختیار بنانے کی سمت میں اَپنی مسلسل کوششوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ تین مالی برسوںکے دوران تربیتی مراکز میں زیر تربیت کاریگروں کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت سے 1.07 کروڑ روپے سے زائد کی مجموعی آمدنی حاصل کی جو مکمل طور پر سرکاری خزانے میں جمع کی ہے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ تربیتی مراکز وادیٔ بھر میں 400 سے زائد کی تعداد میں قائم ہیں اور ان میں تیار کی جانے والی مصنوعات میں پشمینہ مصنوعات، سوزنی، کرویل، چین سٹچ، کانی شال، قالین اور دیگر ہینڈلوم کپڑے شامل ہیں جو خطے کے بھرپور دستکاری ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔محکمہ تربیتی ماڈیولزمیں عملی اور مارکیٹ پر مبنی پیداوار کو شامل کر کے اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تربیت حاصل کرنے والے اَفراد نہ صرف تکنیکی مہارت حاصل کریں بلکہ دستکاری شعبے کے تجارتی پہلوؤں کا بھی حقیقی فہم حاصل کریں۔محکمہ تربیتی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، عصری ڈیزائن کے عناصرکو متعارف کرنے اور محکمانہ سیل آؤٹ لیٹس و قومی سطح کی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے مضبوط مارکیٹ روابط قائم کرنے کی سمت میں مزید اَقدامات کر رہا ہے۔ ان اَقدامات کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تربیت یافتہ کاریگروں کی تیار کردہ مصنوعات کو وسیع مارکیٹ دستیاب ہوں اور کشمیری دستکاری اور ہینڈلوم کی منفرد روایات کو محفوظ رکھا جا سکے۔