عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر /جموں وکشمیر کا خصوصی درجہ اور سابقہ ریاست کی بحالی کیلئے نیشنل کانفرنس اپنی آئینی اور جمہوری جدوجہد سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگی اور یہ جماعت عوام کے حقوق واپس دلوا کر ہی دم لے گی۔ان باتوں کا اظہار پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے آج پارٹی لیڈران، عہدیداران اور عوامی وفود کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن اور ریاستی درجہ کی بحالی جموں وکشمیر کے عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ یہاں کے عوام کا حق ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ دوہری حکمرانی کا نظام جموںوکشمیر کیلئے سود مند نہیں ہے اور نہ ہی ملک کیلئے یہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
جس طرح سے 13جولائی کو بھاری عوامی منڈیٹ سے منتخبہ وزیر اعلیٰ ، کابینہ وزراء اور تمام اراکین اسمبلی کو گھروں میں نظربند کیا گیا، اُس سے پوری دنیا میں ملک کی جمہوریت پر سوالات اُٹھائے گئے اور یہ سب کچھ دوہرے نظام حکومت کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلی کی طرف سے نامزد کردہ شخص کی طر فسے حقیقی عوامی نمائندوں پر قدغن لگانے جمہوریت اور جمہوری اصولوں پر کاری ضرب تھا ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ڈاکٹر کمال نے کہاکہ سخت ترین اڑچنوں کے باوجود عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت عوام کو راحت پہنچانے کے کاموں میں مصروف ہے اور گذشتہ9ماہ کے دوران مفلوج شدہ انتظامیہ، تعلیمی، طبی اور دیگر اداروں میں نئی جان پھونکی گئی۔ آج ہر ایک سرکاری دفتر میں لوگوں کی شنوائی ہوتی ہے اور سکریٹریٹ کے دروازے عوام کیلئے کھول دیئے گئے ہیں۔ گذشتہ5سال کے دوران کسی بھی دفتر میں لوگوں کی دادرسی نہیں ہوتی تھی اور سکریٹریٹ کو لال فیتہ شاہی کا مرکز بنایا گیا تھا۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جموںو کشمیر کا ریاستی درجہ فوری طور پر بحال کیا جائے گا اور یہاں کی عوامی منتخبہ حکومت کو بنا کسی رکاوٹ کے کام کرنے کا موقعہ فراہم کیا جائے گا اور حکومت مزید مؤثر طریقے سے لوگوں کے احساسات، جذبات ، اُمنگوں کی ترجمانی اور مطالبات کو پورا کر پائے گی۔
ڈاکٹر کمال نے پارٹی سے وابستہ لیڈران، عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ لوگوں نے آج پھر سے نیشنل کانفرنس کو اپنا اعتماد اور بھروسہ دیا ہے ، الیکشن میں کامیابی محض ایک جیت نہیں بلکہ یہ ایک امتحان ہے، جس میں ہمیں کھرا اُترنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر حال میں خود کو لوگوں کیلئے وقف رکھنا چاہئے اور لوگوں کی راحت پہنچانے کے کاموں میں پیش پیش رہنا چاہئے اور ساتھ ہی پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرنا ہوگا کیونکہ یہی پارٹی جموں وکشمیر کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔
جموں وکشمیر میں دوہرا نظامِ ِحکومت ملک کیلئے سود مند نہیں:ڈاکٹر کمال
