عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ مرکزی وزارت داخلہ نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس کو جموں و کشمیر میں تعیناتی کے لیے 20 نئی بٹالینز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے فورس میں 20 ہزار سے زائد اہلکاروں کا اضافہ ہوگا ـ
ابتدائی طور پر سی آر پی ایف نے 35 بٹالینز کی منظوری طلب کی تھی، تاہم وزارت داخلہ نے فوری اقدام کے طور پر 20 بٹالینز کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے اور اس کے بعد شروع کیے گئے ‘آپریشن سندور’ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ نے پہلے ہی اس تجویز کو منظوری دے دی ہے جبکہ یونین کابینہ کی منظوری جلد متوقع ہے۔
رپورٹوں کے مطابق، نئی بٹالینز کو جموں و کشمیر کے جغرافیائی اور سیکیورٹی حالات کے مطابق جدید آپریشنل صلاحیتوں سے لیس کیا جائے گا۔ نکسل متاثرہ علاقوں سے توجہ ہٹاکر جموں و کشمیر میں انسداد عسکریت پسندی پر توجہ مرکوز کرنے کے اس اقدام کو ایک وسیع تر حکمت عملی کی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
متعدد سی آر پی ایف کمپنیاں جلد ہی یونین ٹیریٹری میں تعینات کی جائیں گی، جب کہ اعلیٰ حکام نے مقامی پولیس کو امن و قانون اور انسداد عسکریت پسندی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی پیش گوئی کی ہے۔
وزارتِ داخلہ نے جموں و کشمیر میں تعیناتی کے لیے سی آر پی ایف کی 20 نئی بٹالینز کی منظوری دے دی
