عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//آرمی نے پیر کے روز گڈی نکہ کی رہائشی 41 سالہ عرشہ بیگم کی جان بچانے میں بروقت اور مؤثر کردار ادا کیا۔ عرشہ بیگم کو پنچ گبر کے مقام پر ایک پتھر کے گرنے سے شدید سر کی چوٹ آئی تھی۔ واقعہ پیش آنے کے بعد مقامی دیہاتیوں نے انہیں شام 7 بجے آرمی پوسٹ تک پہنچایا۔انڈین آرمی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، زخمی خاتون کے سر پر 12 ٹانکے لگائے گئے اور گلوکوز دیا گیا۔یہ واقعہ تقریباً ہزاروںفٹ کی بلندی پر پیش آیا جہاں طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، تاہم فوجی اہلکاروں نے نہ صرف فوری علاج فراہم کیا بلکہ زخمی خاتون کو پوری رات مسلسل نگرانی میں رکھا گیا تاکہ ان کی حالت مستحکم رہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق، انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا اور اگلی صبح یعنی 14 جولائی کو انہیں مزید علاج کے لئے کَنڈی ہسپتال منتقل کیا گیا۔فوج نے اپنے بیان میں کہاکہ ’یہ فوری اور مؤثر ردِعمل بھارتی فوج کی مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے تئیں غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، خاص طور پر ان دور دراز علاقوں میں جہاں طبی سہولیات بہت محدود ہیں‘۔مقامی افراد نے بھی بھارتی فوج کے اس انسان دوستانہ اقدام کو سراہا اور کہا کہ اگر بروقت امداد نہ ملتی تو ارشہ بیگم کی جان بچانا ممکن نہ تھا۔یہ واقعہ نہ صرف فوج کے پیشہ ورانہ جذبے کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ان کے عوامی خدمت کے مشن کو بھی اجاگر کرتا ہے، جو سرحدی اور دشوار گزار علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے لئے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے۔