رمیش کیسر
نوشہرہ//بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی 130 نوشہرہ بٹالین کے کمانڈنٹ نے آپریشن سندور کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو خصوصی طائف دے کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ یہ تقریب منگل کے روز بٹالین ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی، جہاں اہلکاروں کی فرض شناسی اور بہادری کو سراہا گیا۔دو ماہ قبل پاکستان کے خلاف چلائے گئے ’آپریشن سندور‘ کے دوران بی ایس ایف کے اہلکاروں نے مؤثر حکمت عملی، مستعدی اور بے مثال حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر بٹالین کمانڈنٹ نے ان اہلکاروں کو طائف پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ان کی کارکردگی قابلِ ستائش اور ملک کیلئے فخر کا باعث ہے۔کمانڈنٹ موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’پاکستان کی طرف سے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ہوا دی جا رہی ہے، جس کے خلاف بی ایس ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے۔ ہمارے جوانوں نے جس بہادری اور جذبہ قربانی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دی ہیں، وہ واقعی لائقِ تحسین ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور جب بھی وطن کو ضرورت پڑی، یہ جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کمانڈنٹ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اہلکار اسی جوش اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔تقریب کے دوران بی ایس ایف کے دیگر سینئر افسران اور عملہ بھی موجود تھا، جنہوں نے اپنے ساتھی اہلکاروں کو مبارکباد دی اور آپریشن سندور کو بی ایس ایف کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر قرار دیا۔یہ تقریب نہ صرف جوانوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنی بلکہ آنے والے وقت میں ان کے عزم اور ولولے کو مزید مستحکم کرنے کا پیغام بھی لے کر آئی۔