عشرت حسین بٹ
منڈی // نوجوانوں کو منشیات جیسی مہلک لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی اور پونچھ پولیس کی جانب سے ایک مشترکہ منشیات مخالف بیداری پروگرام کا انعقاد اسکول احاطے میں کیا گیا۔ اس اہم تقریب کی نگرانی اسکول کے پرنسپل انور خان نے کی، جس میں طلباء ، عملہ، مقامی معززین اور محکمہ پولیس و صحت کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام میں طلباء کو منشیات کے استعمال سے ہونے والے جسمانی، ذہنی، سماجی اور قانونی نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مہمان مقررین میں ضلع انسپکٹر پولیس جلال دین فانی اور انچارج ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹر پونچھ ڈاکٹر نرگس شامل تھیں۔ جلال دین فانی نے اپنے خطاب میں منشیات سے جڑے قانونی پہلو، اسمگلنگ کی روک تھام اور معاشرتی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو ان سے دور رہنے کی تلقین کی۔ڈاکٹر نرگس نے نشہ آور اشیاء کے طبی اثرات، نشے کی علامات، بحالی کی ضرورت اور مراکز کی دستیاب سہولیات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود محفوظ رہیں بلکہ معاشرے میں بیداری پھیلانے کا کردار بھی ادا کریں۔پرنسپل انور خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں منشیات سے جڑے سماجی داغ اور خاندانوں پر اس کے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے والدین، اساتذہ اور ہم عمر دوستوں کو ابتدائی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے شکریہ ادا کیا ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین اور چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ افتخار علی شاہ کا، جنہوں نے اس بامقصد مہم کی حمایت کی۔پروگرام کی نظامت وائس پرنسپل ہارون راٹھور نے کی، جنہوں نے اسکولوں میں ایسے بیداری پروگراموں کے تسلسل پر زور دیا۔ آخر میں سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا، جس میں طلباء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اس بیداری مہم کو شرکاء نے سراہا اور اسکول انتظامیہ نے مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔