عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں وکشمیرمیں اگلے48 گھنٹوں کے دوران بھاری اور درمیانی بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ موسمیاتی مرکز سرینگرکی جانب سے 21جولائی تک جموں وکشمیرمیں بارشوں کے مراحل کی پیش گوئی کئے جانے کے بیچ پیر کودیررات اکثر علاقوںمیں بارش کاسلسلہ شروع ہونے کے بعد منگل کی صبح تک جاری رہا۔دوران شب ریکارڈ ہونے والی بارش کے بارے میں کہا گیا ہے کہ منگل کو صبح ساڑھے 8بجے تک سرینگر میں9.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں8.3 ، کوکرناگ میں 14.0 ، کپواڑہ میں 9.8، گلمرگ میں 19.6 ، پہلگام میں 8.1 ، پانپور میں6.0 ، سرینگر ہوائی اڈہ میں 11.2 ، بڈگام میں8.0 ، گاندربل میں 4.5 ، سونمرگ میں8.5 ، بارہمولہ میں 1.0 ، بانڈی پورہ میں 1.0 ، شوپیان میں 0.5 ، کولگام میں 15.4 ، عشم میں 10.5 ، وولر میں7.0 ، اور دودرہامہ میں 5.0 ملی میٹر، جموں میں6.8 ملی میٹر، بانہال میں 9.0 ، بٹوٹ میں7.9 ، بھدرواہ میں 8.9 ، کٹرہ میں 18.6 ، کٹھوعہ میں 1.8 ، جموں ہوائی اڈہ میں 13.4 ، ادھم پور میں 146.0 ، کشتواڑ میں 7.0، راجوری میں 6.0 ، اور سانبہ میں 11.0 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق کم دباؤ والے زونز اور ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے اگلے 48گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔کشمیر کے علاقے میں عام طور پر ابر آلود آسمان کے ساتھ وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش یا موسلا دھار بارش متوقع ہے، جس سے جنوبی اور وسطی کشمیر زیادہ شدید متاثر ہوگا ۔جبکہ جموں میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران درمیانے درجے سے موسلادھار بارش اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بہت اونچائی والے علاقوں میں بہت ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔دریاؤں اور ندی نالوںکے پانی کی سطح میں اضافے کی توقع ہے، اور بعض مقامات پر اچانک سیلاب آ سکتا ہے۔ 15جولائی کو کچھ علاقوں میں بارش کے امکان کے ساتھ موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔جموں کے کچھ علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے، جبکہ کچھ حصوں میں ہلکی دھوپ کا امکان بھی ہے۔16 جولائی کو موسمی نظام سے جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر بارش ہونے کی توقع ہے۔ جموں خطے میں اس کی شدت زیادہ ہونے جا رہی ہے۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ مختصر موسلادھار بارشوں کے مقابلے میں مسلسل بارش کی توقع۔17 جولائی کوموسمی نظام کی سرگرمیاں کم ہونے جا رہی ہیں۔ تاہم کچھ علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔18 جولائی کو کچھ حصوں میں بارش کی توقع ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ/پتھر گرنے کے امکانات ہیں۔