عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//مولانا آزاد یونیورسٹی کے چانسلر ممتاز علی منگل کو ایک روزہ دورے پرمانو پہنچے جہاں ان کا وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چانسلر نے مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت کے زیر اہتمام شائع ہونے والے ششماہی ریسرچ اور ریفرڈ جرنل ادب و ثقافت کے تازہ ترین شمارے کی رسم اجراء انجام دی۔ دورے کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کے سبھی اسکولوں کے ڈینز کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کے دوران وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے یونیسیف کے تعاون سے شروع کیے جانے والے ٹریفک شعور بیداری کے پروجیکٹ کے متعلق چانسلر کو واقف کروایا اور کہا کہ یہ پروجیکٹ ایم سی جے ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے روبہ عمل لایا جائے گا۔ میٹنگ میں ڈائرکٹر مرکز برائے فاصلاتی اور آن لائن تعلیم پروفیسر رضاء اللہ خان نے اپنے مرکز کے تحت چلنے والی سرگرمیوں اور پیش رفت سے واقف کروایا۔ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر علیم اشرف جائسی نے چانسلر کو یونیورسٹی کے مرکز برائے ثقافتی سرگرمیاں کے طلبہ کی جانب سے نیشنل یوتھ فیسٹول میں شرکت اور انعامات حاصل کرنے کے متعلق آگاہ کیا۔ ڈین لاء سکول پروفیسر تبریز احمد نے بتایا کہ لاء کے سبھی کورسز میں درخواست گزاروں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا۔