عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ پنکج کمار شرماکی مجموعی نگرانی و ٹرانسپورٹ کمشنر وشیش پال مہاجن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کشتواڑ نے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی گی۔ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشتواڑ تسلیم وانی نے تفصیلات بتاتے ہوے کہاکہ محکمہ نے یکم جون 2025سے اب تک 4گاڑیوں کے روٹ پرمٹ کو معطل کر دیا ہے جبکہ 9ڈرائیونگ لائسنس معطل اور230گاڑیوں کے چالان کرنے کے علاوہ31گاڑیاں ضبط اور 51بلیک لسٹ کی گئیںجبکہ اس کے علاوہ9.65لاکھ روپے جرمانے کی رقم وصول کی گئی۔یہ جرمانہ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ٹریفک کی مختلف خلاف ورزیوں،جن میں خاص طور پر ٹریفک کے عادی مجرم ہونے اور خطرناک ڈرائیونگ، اوور لوڈنگ، سٹنٹ پرفارم کرنے، رفتار محدود کرنے والے آلات کے بغیر گاڑی چلانا وغیرہ سمیت ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے کئے گئے۔اے آر ٹی او کشتواڑ نے کہا کہ یہ ڈرائیور ٹریفک کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے اور مسافروں کی حفاظت کے لیے خطرہ ہے لہٰذا اس آپریشن کو ان کے ساتھ ساتھ ایسے تمام خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے موٹر وہیکل ایکٹ میں بیان کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کے لیے ایک ویک اپ کال کا کام کرنا چاہیے۔
رام بن میںخلاف ورزیوں پر 17 ڈرائیونگ لائسنس معطل
رام بن// موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ رام بن نے ٹریفک ریگولیشن ایجنسیوں کی سفارش پر 17ڈرائیونگ لائسنس کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔معطل شدہ لائسنس ان افراد سے تعلق رکھتے ہیں جو موٹر وہیکل قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے ہیں، جو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ ہیں۔ اصولوں کے مطابق تمام خلاف ورزی کرنے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، انہیں اپنا دفاع پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ تاہم، ان میں سے زیادہ تر جواب دینے میں ناکام رہے، جبکہ کچھ نے غیر تسلی بخش جواب دیا۔یہ کارروائی ضلع بھر میں ایم وی ڈی رام بن کی جانب سے جاری وسیع نفاذ مہم کے دوران کی گئی، جس کا مقصد ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو روکنا اور نظم و ضبط کے ساتھ ڈرائیونگ کے رویے کو فروغ دینا تھا۔