عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہاں عوامی رَسائی دفتر’رابطہ‘ میں مختلف وفود سے ملاقات کی اور ترقی، اِداروں کی مجموعی کارکردگی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ چیف ایگزیکٹیو کونسلرکرگل ڈاکٹر محمد جعفر آخون کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی اور لداخ بالخصوص کرگل کے طلباء اور مریضوں کو جموں و کشمیر کے تعلیمی اور صحت اِداروں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے جموں و کشمیر میں مقیم لداخ کے شہریوں کو درپیش شہری مسائل کی طرف بھی توجہ دِلائی اور ان کے بروقت ازالے کی درخواست کی۔وائس چانسلربابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) راجوری پروفیسر جاوید اِقبال نے وزیر اعلیٰ کو یونیورسٹی کے کام کاج، جاری تعلیمی و اِنتظامی اقدامات سے آگاہ کیا اور خطے میں اعلیٰ تعلیم کو مستحکم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سے تعاون طلب کیا۔زونل ہیڈآئی سی آئی سی آئی بینک سندیپ شرما نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور بینک کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ داچھی گام کے لئے ایک ریسکیو وہیکل فراہم کی گئی ہے اور روزگار و فلاحی سرگرمیوں کے سلسلے میں کئی اَقدامات جاری ہیں۔بریگیڈیئر این سی سی سر ی نگر دیپک سجن ہار نے این سی سی ایورسٹ مہم۔ 2025 کے سلسلے میں ایک یادگاری شیلڈ پیش کی اور کیڈٹوں کی قومی فخر و ایڈونچر سپورٹس میں دلچسپی و کارکردگی کو اُجاگر کیا۔بعد ازاں، چیئرمین ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف اِنڈیا (ٹی اے اے آئی) جموں و کشمیر چیپٹر سمیر بکتو نے ممبئی سے آئے سکال اِنٹرنیشنل کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ اُنہوں نے آنے والے سکال انڈیا کنونشن کو یاترا سیزن کے بعد کشمیر میں منعقد کرنے کی تجویز دی جس کا مقصد عالمی سطح پر وادی کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ حکومت ان کے جائز مطالبات پر مناسب کارروائی کرے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔