تازہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری
سرینگر //محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے پیر کو ایک اہم موسمی ایڈوائزری جاری کی ، جس میں 17 جولائی 2025 تک عوام، سیاحوں اور مقامی باشندوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کشمیر صوبے کے مختلف علاقوں، بالخصوص سرینگر میں شدید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ انتظامیہ نے دریائے جہلم کے کناروں، اس کی معاون ندیوں اور نالوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ایام کے دوران دریائوں اور جھیلوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔سیاحوں، شکارا آپریٹرز، ریت نکالنے والوں اور کشتی کے ذریعے دریا عبور کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران ڈل جھیل، دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر پر نقل و حمل سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ادھر پیر کی شام 5بجے کے بعدسرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ پیرکی صبح سے بادل چھائے رہنے کے بیچ سہ پہرکے وقت سرینگر سمیت شمال وجنوب کے کئی علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا جو رات دیر گئے تک جاری تھا۔ موسمیاتی مرکز نے کہا کہ18سے21جولائی تک بارشوں کا ایک نیاسلسلہ شروع ہوسکتا ہے ،جس دوران بکھرے ہوئے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔موسمیاتی مرکز نے کہاکہ جموں ڈویژن کے الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارش کے امکانات ہیں۔ جس کے نتیجے میںکئی علاقوںمیں لینڈ سلائیڈنگ،مڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ سٹون کے ساتھ چند خطرناک مقامات پر شدید سیلاب کاخطرہ لاحق رہے گا۔