یو این آئی
سری نگر// فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز امیدواروں نے کل سرینگر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ محکمے میں بھرتی کے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں اور مطالبہ کیا کہ تقرری کا عمل شفاف اور منصفانہ طریقے سے مکمل کیا جائے ۔ پریس کانفرنس میں پیر کے روز فائر اینڈ ایمرجنسی امیدواروں نے سرکار کے خلاف نعرے بازی کی اورمطالبہ کیا کہ شفاف بھرتی عمل کو فوری طور پر پورا کیا جائے ۔احتجاجی مظاہرین، جن میں بڑی تعداد میں نوجوان شامل تھے ، ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر انصاف دو، شفاف بھرتی ہمارا حق ہے جیسے نعرے درج تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی سال پہلے فائر سروس میں ملازمت کے لیے امتحانات اور جسمانی ٹیسٹ دیے تھے لیکن آج تک بھرتی مکمل نہیں ہوئی۔انہوںنے کہا:‘ اس پورے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئی ہیں جن کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے ۔’مظاہرین نے ایل جی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے ۔واضح رہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز میں بھرتی کا یہ عمل گزشتہ چند برسوں سے تاخیر کا شکار ہے اور کئی امیدواروں نے عدالتوں میں بھی پٹیشنز دائر کر رکھی ہیں۔ چند ہفتے قبل اینٹی کرپشن بیورو نے اپنے بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس بھرتی عمل میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور اس کی بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہے ۔ اے سی بی کے مطابق قانون اپنا کام ضرور کرئے گا اور جس کسی نے بھی کوئی غلط کام کیا ہو اُس کو ضرور سزا ملے گی۔