ارشاداحمد
گاندربل//صفاپورہ گاندربل میں ایک شرمناک واقعہ میں خاتون کی موت کیخلاف لوگوں نے بڑے پیمانے پراحتجاج کیااور اس جرم میں ملوث افراد کوکڑی سزادینے کامطالبہ کیا۔ا س دوران پولیس نے خاتون سمیت دوکوگرفتار کیاہے۔تفصیلات کے مطابق صفاپورہ کی خاتون جس کی شادی کوندہ بل گاندربل میں ہوئی تھی،اپنے نند کے گھر اتوارشام کوگئی تھی جب اس کی نند نے اُسے پیر کوگلمرگ جانے کی دعوت دی۔بتایا جاتا ہے کہ خاتون کے شوہر نے اُسے اپنی بہن کے گھر بھیجاتاکہ وہ اُس کے ہمراہ (پیر) کوگلمرگ کی سیرپرجائے۔واقعہ کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ رات کے دوران خاتون کے دانت میں درد ہوااور اس کے نندوئی نے اُسے ہسپتال لیا۔بتایاجاتا ہے کہ واپسی پر نندوئی نے مبینہ طور اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی اور اس دوران خاتون کی موت واقع ہوئی۔خاتون کے میکے والوں کوپہلے لگا کہ یہ قدرتی موت ہے لیکن پولیس کو معاملے میں شک ہوااور اس نے لاش کاپوسٹ مارٹم کیا۔ اس کے بعد مائیکے والوں اور مقامی لوگوں نے احتجاج کرکے ملزم کوسزادینے کامطالبہ کیا۔اس واقعہ کیخلاف صفاپورہ میں مکمل بندرہا۔ ایک احتجاجی نے کہا،’’ہم تعزیت کیلئے آئے تھے، اور پہلے تو ہمیں بتایا گیا کہ یہ ایک قدرتی موت ہے لیکن بعد میں ہسپتال کی رپورٹس نے انکشاف کیا کہ یہ قدرتی موت نہیں ہے، ہمیں یہ جان کر صدمہ پہنچا کہ یہ ایک قتل تھا۔جس کے خلاف ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔اس گھنائونے قتل کے خلاف صفاپورہ بازار پوری طرح بند تھا احتجاج میں پوری تاجر برادری بھی موجود تھی۔احتجاج میں شدت آنے کے بعد ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال نے موقع پر پہنچ کر احتجاج میں شامل لوگوں سے بات کی۔ایس ایس پی گاندربل نے مظاہرین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ فارنسک ٹیم کو موقع پر لایا گیا ہے اور تمام نمونے اکٹھے کرکے لیبارٹری میں بھیجے گئے ہیں۔ مجھے صرف آپ کے تعاون کی ضرورت ہے جس کسی نے کچھ دیکھا ہے یا کسی کے پاس کوئی اطلاع ہے وہ ہمارے پاس آئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرائے۔ جو بھی اس جرم میں ملوث ہوگا اسے ہم چھوڑے گے نہیں۔قانون اپنا کام کریں گا۔ اس دوران پولیس نے مقتول خاتون کی نند اور نندوئی کوگرفتار کیاہے۔