عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعظم روزگار میلے کے تحت آج ناردرن ریلوے، جموں ڈویژن کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں 237 امیدواروں کو تقرر نامے پیش کیے گئے۔
یہ تقرر نامے مرکزی وزیر مملکت جتن پرساد نے لوک سبھا کے رکن جگل کشور کی موجودگی میں فراہم کیے۔
اسی پروگرام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے 16ویں روزگار میلے کے تحت ملک بھر کے 51,000 نوجوانوں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقرر نامے فراہم کیے۔
یہ جموں ڈویژن کا پہلا روزگار میلہ ہے جو ڈویژنل ریلوے مینیجر وویک کمار کی قیادت میں جموں ڈویژن کے قیام کے بعد منعقد ہوا۔
اس موقع پر جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر اچت سنگھل بھی موجود تھے۔
یہ روزگار میلہ وزیر اعظم کی جانب سے 22 اکتوبر 2022 کو ’مشن موڈ‘ کے تحت شروع کیا گیا تھا۔
ڈویژنل ریلوے مینیجر وویک کمار نے کہا کہ یہ روزگار میلہ وزیر اعظم کے ‘سب کے لیے روزگار’ عہد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں ملک میں تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو ‘کرم یوگی پرارمبھ’ کے تحت آن لائن تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ سرکاری خدمات میں مؤثر طریقے سے کام کر سکیں۔
جموں میں روزگار میلہ، 237 امیدواروں کو تقرری نامے تقسیم
