عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ // مغل روڈ پر ایک افسوسناک حادثے میں دولہا سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جب باراتیوں کی گاڑی پر اچانک پہاڑی سے پتھر آ گرا۔ یہ حادثہ مغل روڈ کے پانر پل کے قریب پیش آیا۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کی شکار گاڑی جس کا رجسٹریشن نمبر JK12B 8483 ہے، پونچھ سے سرینگر کی طرف جا رہی تھی اور اس میں دولہا سمیت اس کے دو قریبی رشتہ دار سوار تھے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ایک خطرناک موڑ پر پہنچتے ہی پہاڑی سے ایک وزنی پتھر آ کر گاڑی پر گرا، جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار تینوں افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں محمد امین (عمر 30 سال) ولد عبد الکریم سکنہ شاہپور پونچھ، محمد خالد (عمر 30 سال) ولد غلام رسول سکنہ شاہپور، اور دولہا محمد جاوید (عمر 25 سال) ولد محمد علی سکنہ ریڈیو اسٹیشن پونچھ شامل ہیں۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس نے اس حادثے کے سلسلے میں قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔مغل روڈ جو کہ پہاڑی علاقہ ہے، بارشوں کے دوران اکثر پتھر گرنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں، جس سے مسافروں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔