عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// تیز ہوائوں اور موسلا دھار بارش نے جمعہ کی شام شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔تیز آندھی سے چھتیں گرنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان ہوا اور بجلی کا بنیادی ڈھانچہ بھی درہم برہم ہوا۔ جمعہ کی شام شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ حصوں میں زبردست تیز ہوائیں چلیں اور بارہمولہ، کپواڑہ، سرینگر اور دیگر علاقوں سمیت موسلا دھار بارش ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ کپواڑہ ضلع کے قاضی آباد علاقے اور کرالہ گنڈ بازار میں چھتیں اور بجلی کے کھمبے گرنے سے کئی کاروں کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد برقی تاریں اور چھتیں ٹوٹ گئیں، جس سے متاثرہ علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بند ہوگئی۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات، ڈاکٹر مختار احمد نے کے مطابق کشمیر ڈویژن، پونچھ، راجوری، رام بن، ڈوڈا، ریاسی، ادھم پور، اور جموں کے میدانی علاقوں کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو ئی۔”انہوں نے خبردار کیا کہ، “کچھ جگہوں پر شدید بارشیں ہو سکتی ہیں جو سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھر گرنے کا باعث بن سکتی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ وادی کے کئی علاقوں میں 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں”۔ انہوں نے کہا کہ ابھی 14جولائی تک کبھی شام یا صبح کے اوقات میں ہلکی یا درمیانہ درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں جس کے بعد موسم مرطوب رہے گا۔انکا کہنا تھا کہ عمومی طور پر 14کے بعد گرمی پھر بڑھے گی۔