عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے کرپٹو کرنسی کے استعمال سے متعلق ملی ٹینٹسی کی فنڈنگ کے معاملے کے سلسلے میں جمعہ کو مرکزی زیر انتظام علاقے میں3 مقامات پر چھاپے مارے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں، ڈوڈا اور ہندواڑہ میں تین مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی۔انہوں نے کہا کہ تلاشیوں کا مقصد ملی ٹینٹسی کو ہوا دینے اور جموں و کشمیر میں امن کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کرپٹو کرنسی کے ذریعے سرحد پار فنڈنگ کی سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم شواہد اکٹھا کرنا تھا۔ ترجمان نے کہا، “تلاشی کارروائیوں کا مقصد ایسے افراد کی نشاندہی کرنا بھی تھا جو نوجوانوں کو یونین آف انڈیا کے خلاف اکسا رہے ہیں، جس سے قومی سلامتی کو خطرہ ہے۔”یہ چھاپے ایف آئی آر نمبر 12/2022 کے تحت جاری تحقیقات کا حصہ تھے، جو غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ، اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی تھی۔ترجمان نے کہا، “تلاشی کارروائیوں سے اہم شواہد ملے، جس سے خفیہ مالیاتی نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے میں ایک پیش رفت ہوئی، جو جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو ابلتا رکھتے ہیں،” ۔