راجا ارشاد احمد
گاندربل //ضلع گاندربل کے ایک طبی مرکز میں صفائی کرمچاری کو مریضہ کو انجکشن لگاتے ہوئے پکڑا گیا۔یہ واقع ہیلتھ سینٹر شہامہ میں پیش آیا ۔اس واقعہ سے لوگوں میں نئے خدشات نے جنم لیاہے۔ہیلتھ سنٹر میںتعینات اس صفائی کرمچاری کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں ایک صفائی کرمچاری ایک خاتون کو انجکشن لگارہا ہے۔مذکورہ ملازم کا کہنا ہے کہ وہ ایسے کام باقاعدگی سے کرتا رہا ہے اور دلیل دے رہا ہے کہ وہ مقامی طبی عملے کی ہدایت پر یہ سب کررہا ہے۔انہوں نے کہا’’میں پہلے بھی ڈریسنگ اور انجکشن جیسے کام کرچکا ہوں۔ یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے‘‘۔ محکمہ صحت کے حکام نے باضابطہ اس معاملے کی انکوائری شروع کر دی ہے۔چیف میڈیکل آفیسر گاندربل نے اس سلسلے میں کہا’’ہم اس واقع کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور جو بھی قصوروار پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘‘۔ادھر اس واقع کی مذمت کرتے ہوئے شہامہ کے لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہم ان مراکز میں علاج کیلئے آتے ہیں، تجربات کیلئے نہیں۔ اگر ان کے پاس کافی عملہ نہیں ہے، تو انہیں طبی مرکز بند کردینے چاہئیں،ہماری جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں‘‘۔