مشتاق الاسلام
پلوامہ//ضلع پلوامہ کی انتظامیہ نے غیر رجسٹرڈ آیوش (AYUSH)کلینکوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ یہ مہم ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم کی ہدایت پر ضلع آیوش آفیسر کی قیادت میں انجام دی جا رہی ہے، جس کا مقصد غیر مستند طبی مراکز کے خلاف کارروائی کر کے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں دو درجن سے زائد آیوش کلینکوں کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ ان میں یونانی، آیورویدک اور حجامہ (Cupping Therapy) مراکز شامل تھے۔ ٹیم نے ان مراکز کی رجسٹریشن، لائسنسنگ، اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کا جائزہ لیا۔کارروائی کے دوران کئی کلینکس کو بغیر کسی سرکاری اجازت یا رجسٹریشن کے چلتے ہوئے پایا گیا۔ ان مراکز سے لاکھوں روپے مالیت کی غیر معیاری اور مضر صحت ادویات ضبط کی گئیں۔ حکام نے فوری طور پر ان غیر رجسٹرڈ کلینکوں کو نوٹس جاری کیے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر اندر رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے یا اپنا کام بند کرنے کی ہدایت کی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے بعد دوبارہ معائنہ کیا جائے گا اور اگر کوئی کلینک ہدایات کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں کلینک سیل کرنا اور پولیس کارروائی شامل ہوگی۔ضلع آیوش آفیسر نے کہا’’ یہ کارروائی عوام کو غیر مستند پریکٹیشنرز سے بچانے اور صحت کے شعبے میں شفافیت لانے کے لیے ہے۔ صرف رجسٹرڈ ماہرین کو علاج کی اجازت ہوگی‘‘۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ آیوش مراکز سے ہی علاج کرائیں تاکہ صحت سے متعلق کسی بھی خطرے سے بچا جا سکے۔ یہ مہم متبادل طب کے شعبے میں نظم و ضبط قائم کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔