شرکاء کو 1000سے 3,750روپے تک ماہانہ وظیفہ فراہم
سرینگر//اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی( آئی آئی سی ٹی) سری نگر نے تربیت یافتہ اِنسانی وسائل کی تعداد میں اِضافہ کرنے کے لئے محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر کے تحت مختلف ہنرمندی کے فروغ کے پروگراموں کے ذریعے مختلف اَضلاع کے تقریباً 11,000 قالین بُننے والوں کو ماسٹر ٹریننگ دی ہے۔ ایک پریس بیان میں ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی زبیر احمد نے کہاکہ یہ تربیت آئی آئی سی ٹی کے باغِ علی مردان خان کیمپس اور مختلف اَضلاع کے قالین سازی کے مراکز میں بیچوں کی صورت میں دی جا رہی ہے۔اگرچہ عالمی سطح پر جاری تنازعات اور مشرق وسطیٰ سمیت دیگر منڈیوں میں پیدا ہونے والی مشکلات کے باعث کئی چیلنجز سامنے آئے، لیکن اس کے باوجود کشمیر کے ہاتھ سے بنے نٹِھے ہوئے قالینوں کی برآمدات گزشتہ تین مالی برسوں میں 838.70 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ آئی آئی سی ٹی نے تربیتی پروگراموں کو مزید پُرکشش بنانے کے لئے سکیموں کے مطابق شرکأ کو ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ چارسے 6 ماہ کی مدت کے ان قلیل مدتی تربیتی پروگراموںکے لئے جن میں ہر بیچ میں 20 اَفراد شامل ہوتے ہیں، وزارتِ ٹیکسٹائلز کی مختلف مہارت پر مبنی سکیموں کے تحت وظیفہ 1000روپے سے 3,750روپے ماہانہ دیا جاتا ہے۔‘‘ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’’گوروشِشیا ہست شلپ پروگرام‘‘کے تحت نیشنل ایوارڈ یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ رجسٹرڈ قالین بُننے والوں کو ہنر میں مزید مہارت دی جا سکے۔اس دو ماہ کے تربیتی پروگرام کے دوران ہرٹرینی کو 7,500روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔