شاہ نواز
ریاسی // ضلع ریاسی کے تحصیل چسانہ کے گائوں کنڈردھان میں ولی کامل میاں محمد یعقوب رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کا دو روزہ سالانہ عرس پاک نہایت عقیدت، احترام اور روحانی ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔یہ عرس ہر سال 9 اور 10 جولائی کو منایا جاتا ہے، اور اس سال یہ تیسرا سالانہ عرس تھا جو میاں صاحب کے وصال کے بعد منایا گیا۔ واضح رہے کہ حضرت میاں محمد یعقوب کا وصال 2 جولائی 2022 کو کنڈردھان میں ہوا تھا۔عرس کی تقریبات میں ضلع بھر کے علاوہ جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور عقیدت مند شریک ہوئے، جنہوں نے دربارِ عالیہ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور روحانی فیض حاصل کیا۔عرس کے دوسرے روز کی محفل میں مہمانِ خصوصی کے طور پر علامہ مولانا عبدالرشید داؤدی موجود تھے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں اولیائے کاملین کی سیرت، تعلیمات، اور امتِ مسلمہ کے لئے ان کے پیغام پر روشنی ڈالی۔مولانا موصوف نے کہا کہ اولیاء اللہ کی زندگی تقویٰ، اخلاص، اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لئے وقف ہوتی ہے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔اختتامی دعا میں علامہ مولانا عبدالرشید داؤدی نے امت مسلمہ کی فلاح، ملک میں امن و خوشحالی، اور حاضرین کے روحانی و دنیاوی مسائل کے حل کے لئے دعائیں مانگیں۔ دعا کے بعد عرس پاک کا باضابطہ اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پر مولانا منظور رضا قادری سمیت سینکڑوں علمائے کرام موجود تھے، جنہوں نے محفل میں شرکت کر کے اپنے روحانی جذبات کا اظہار کیا۔عرس کی پرامن اور منظم تقریب پر منتظمین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے زائرین کے لیے قیام و طعام سمیت دیگر سہولیات کا بہترین انتظام کیا تھا۔