محمد تسکین
سرینگر/ ضلع رام بن کی تحصیل اکھڑال کے پوگل پرستان علاقے میں ایک المناک حادثے میں چار افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے، جب ایک ٹاٹا سومو گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔
یہ حادثہ سینابتی لنک روڈ پر مدینہ مسجد ہل کے قریب پیش آیا، جہاں گاڑی تقریباً 600 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
بی ایم او اکھڑال ڈاکٹر عبد الرحمان نے بتایا کہ تمام چھ زخمیوں کو فوری طور پر پی ایچ سی اکھڑال منتقل کیا گیا، جہاں دو افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد باقی چار زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور زخمی دم توڑ گیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی۔ بعد ازاں ایک اور زخمی جی ایم سی اننت ناگ لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد رفیق گوجر (ڈرائیور و مالک گاڑی)، توقیر احمد بھٹ ساکن پریستان پنچایت، اور عبد الطیف گوجر ساکن بینگرا پنچایت، تحصیل اکھڑال پوگل پرستان، ضلع رامبن کے طور پر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق دو زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کر دیا گیا ہے۔
رام بن کے اکھڑال میں دلخراش سڑک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی
