عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کشمیر نے ملی ٹینسی کی مالی معاونت سے متعلق کیس میں جموں، ڈوڈہ اور ہندواڑہ میں تین مشتبہ مقامات پر تلاشی کارروائیاں کیں۔ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تلاشی مہم سرحد پار سے کرپٹو کرنسی کے ذریعے ملی ٹینٹوںکے لیے مالی معاونت اور جموں و کشمیر میں امن و امان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم شواہد اکٹھے کرنے کے مقصد سے کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائیاں ان افراد کی نشاندہی کے لیے بھی کی جا رہی ہیں جو نوجوانوں کو ملک کے خلاف بھڑکا کر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔
یہ تلاشی کارروائیاں ایف آئی آر نمبر 12/2022 کے تحت کی جا رہی ہیں، جو کہ غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ کی دفعات 18، 38 اور 39 کے علاوہ بھارتی تعزیراتِ قانون کی دفعات 120-B، 121 اور 121-A کے تحت پولیس اسٹیشن CI-SIA کشمیر میں درج ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان چھاپوں کے دوران اہم شواہد اور الیکٹرانک ڈیوائسز برآمد کی گئی ہیں، جو ملی ٹینسی کو جاری رکھنے والے خفیہ مالی نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے میں اہم پیش رفت ہیں۔مزید کہا گیا کہ برآمد شدہ مواد سے ان سازشی عناصر اور ان کے ساتھیوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی جو ان ملک دشمن سرگرمیوں کے پیچھے ہیں۔
ایس آئی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملی ٹینسی اور اس کے نیٹ ورکس، بشمول کرپٹو کرنسی جیسے جدید ذرائع سے مالی معاونت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جنہیں پرتشدد سرگرمیوں اور شدت پسندی کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایس آئی اے نے جموں و کشمیر کے 3 مقامات پر چھاپے مارے
