چیف سیکرٹری کا نئے دریافت شدہ بلاکوں کا جلد از جلد سروے اور نیلامی پر زور
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں محکمہ جیالوجی و مائننگ کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے غیر قانونی کان کنی کی روکتھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے اِستعمال پر زور دیا۔ اُنہوں نے جی پی ایس ٹریکنگ، آر ایف آئی ڈِی ٹیگنگ، جیو فینسنگ اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹمز کی مدد سے خلاف ورزیوں کی فوری شناخت کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ عادی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے مؤثر روکتھام ضروری ہے تاکہ کان کنی کے عمل کو شفاف اور منصفانہ بنایا جا سکے۔اُنہوںنے تمام غیر فعال معدنی بلاکوں کے لئے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئیز) جلد جاری کرنے اورمرکزی حکومت کی وزارتِ مائنز کے ساتھ قریبی روابط قائم کرنے پر زور دیا تاکہ نئے دریافت شدہ بلاکوں کا جلد از جلد سروے اور نیلامی ممکن ہو سکے۔اُنہوں نے چھوٹے معدنیات کی قیمتوں میں ناجائز اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تعمیری مواد کی منصفانہ قیمت اور آسان فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اُنہوں نے اس شعبے کو ٹیکنالوجی پر مبنی، شفاف، شہری دوست اور جوابدہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری مائننگ انیل کمار سنگھ نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ جموں و کشمیر میں کل 233 معدنی بلاکس میں سے 106 فعال ہیں جبکہ 127 غیر فعال ہیں۔ ان میں سے 60 بلاکس کو 31 ؍اکتوبر 2025 ء تک فعال بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے رواں مالی برس 500 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا ہے جو گزشتہ مالی برس کے 150 کروڑ روپے سے کہیں زیادہ ہے۔ اِس میں 260 کروڑ روپے بڑے معدنیات سے، 220 کروڑ چھوٹے معدنیات سے اور 100 کروڑ دیگر ذرائع سے حاصل کئے جانے کی توقع ہے۔ میٹنگ کو اہم معدنیات کے بارے میں بتایا کہ48 چونے کے بلاکس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں 23 غیر فعال کان کنی لیز، سات متوقع 10اے 2 (بی) کیسز اور 3 نئے بلاکس شامل ہیں۔ ان میں سے پانچ بلاکس جن میں 75.597 ملین ٹن کے ذخائر موجود ہیں، کی نیلامی 31 ؍اکتوبر 2025 ء تک کی جائے گی جن سے 260.00 کروڑ روپے کی متوقع آمدنی ہوگی۔معمولی معدنیات ( آر بی ایم) کے بارے میں یہ انکشاف ہوا کہ محکمہ کا مقصد60 غیر فعال بلاکس کو 31؍ اکتوبر 2025 ء تک فعال بنایا جائے گا جس سے 53 کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ آئندہ ایک ماہ میں آٹھ لیٹر آف انٹینٹ ( ایل او آئیز) جاری کئے جائیں گے جبکہ 19 بلاکس اِی ۔ آکشن کے لئے تیار ہیں۔مزید برآں،سنگل وِنڈو سسٹم کے تحت 73 بلاکس اِی۔آکشن کے لئے تیار ہیں جن کے لئے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے این او سی 18 ؍اگست 2025 ء تک حاصل کی جائے گی۔ ان سے 100 کروڑ روپے کی آمدنی کی اُمید ہے۔جہاں تک رِیاسی میں لیتھیم کے ذخائر کا تعلق ہے تو یہ انکشاف ہوا کہ جی ایس آئی کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ریاسی میں 3 مربع کلومیٹر کے رقبے پر 5.9 ملین ٹن لیتھیم موجود ہے۔ تفصیلی سٹیڈی31؍ دسمبر 2025ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔دیگر معدنی وسائل جن پر اِس میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا ان میں نیلم(کشتواڑ)، لیگنائٹ (کپواڑہ)، چونا (اننت ناگ)، گرینائٹ (ڈوڈہ و گاندربل)، کوارٹزائٹ (کشتواڑ)، ڈولومائٹ (راجوری) اور گریفائٹ (کپواڑہ) شامل ہیں جن کی تلاش کے لئے تفصیلی ٹائم لائن میٹنگ میں پیش کی گئی۔