محمد تسکین
بانہال// بدھ کے روز صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہا اور مختلف علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ رک رک کر جاری رہا۔ وادی چناب کے باقی حصوں کی طرح ضلع رام بن میں بھی بدھ کی صبح سے ہی موسم ابر آلود رہا اور رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں وقفے وقفے سے ہلکی ہلکی بارشیں ہوتی رہیں اور یہ سلسلہ دوپہر بعد تک جاری رہا ۔پچھلے دو روز سے ضلع رام بن کے علاقوں میں بارشوں اورابرآلود موسم نے لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت دلائی ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک ہلکی بارشوں اور آبروآلود موسم کی پیشگوئی کر رکھی ہے ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور بدھ کی صبح امرناتھ یاترا کے سفر میں شامل 7579عقیدتمندوں نے 302چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعے بالہ تل اور پہلگام کے راستے امرناتھ یاترا سفر کیا جبکہ دونوں راستوں سے درشن کے بعد واپس آنے والے یاتریوں نے بدھ کی دوپہر بعد ضلع رام بن کے سیکٹر کو پار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے ساتھ ساتھ مسافر گاڑیوں کو دوطرفہ ٹریفک میں جبکہ مال بردار گاڑیوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں جانے کی اجازت تھی اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔