عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// منگل اور بدھ کے روز کشمیر کے بیشتر حصوں میں بارش ہوئی، جس سے اہلیان کشمیر کو گرمی کی شدید لہر سے راحت ملی۔بدھ کو سرینگر میں درجہ حرارت 22.7دگری درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران وادی کے کچھ مقامات پر تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے اور کہا کہ موجودہ موسمی نظام جمعرات تک جاری رہے گا “، اس دوران کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہے گی۔ کشمیر کے چند مقامات پر شدید بارش/موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے اور الگ تھلگ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے،” ۔اس میں کہا گیا ہے کہ چند خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کے ساتھ سیلاب کا امکان ہے۔ یہ دریاں، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے اور چند نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آنے والی موسمی سرگرمیاں ایک ویسٹرن ڈسٹربنس اور فعال مانسون ہواؤں کی وجہ سے شروع ہو رہی ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر بارش اور دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے ساتھ ٹھنڈے موسم کی توقع ہے۔انہوںنے کہاکہ چند مقامات پر تیز بارش اور یہاں تک کہ بادل پھٹنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11 سے13 جولائی تک مختلف مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ گرم اور مرطوب موسم کا امکان ہے۔ 9اور10 جولائی کو کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ11 سے 13 جولائی تک مختلف مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ گرم اور مرطوب موسم کا امکان ہے۔اسکے بعد 14جولائی سے ایک بار پھر گرمی پڑے گی۔ادھرمحکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ بارش راجوری میں 56 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کٹرا میں 45.2 ملی میٹر، جموں میں 39.4 ملی میٹر اور سرینگر میں 31.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں ڈویژن کے بعض علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید شدید بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اورمٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔منگل کی شام جموں میں تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی تیز بارش کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی گئی۔