عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کل شیرِ کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) اور جموں و کشمیر ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ٹی ڈِی سی) کے بورڈمیٹنگوں کی صدارت کی جو حال ہی میں دوبارہ تشکیل دئیے گئے ہیں جس میں وزیر اعلیٰ دونوں بورڈوں کے چیئرمین ہیں۔انہوںنے ایس کے آئی سی سی کو کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کے لئے ایک اہم مرکز کے طور پر اُبھرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایس کے آئی سی سی کو اِس کی بہترین پر اِستعمال کیا جاسکے اور یہ خود اَپنی مالی ضروریات پوری کر سکے۔ اُنہوں نے ایس کے آئی سی سی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولیت کی مارکیٹنگ کے لئے مؤثر حکمتِ عملی اَپنائیں تاکہ کارپوریٹ اور نجی اِداروں کو اس سہولیت سے روشناس کیا جا سکے، جو سال بھر سرگرمیوں کا مرکز بن سکتی ہے۔اُنہوںنے ایس کے آئی سی سی کے کم اِستعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ ایس کے آئی سی سی کے لئے ایک واضح ایم آئی سی اِی برانڈ شناخت بنائی جائے۔اُنہوں نے کہا،’’کارپوریٹ اِداروں، ایونٹ پلانرز اور سرکاری ایجنسیوں کو ہدف بنانا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بکنگز حاصل کی جا سکیں اور غیر استعمال شدہ دنوں کی تعداد کم ہو۔اس سے ایس کے آئی سی سی کو اپنی آمدنی بڑھانے میں مدد ملے گی۔‘‘یہ ایس کے آئی سی سی بورڈ کی حالیہ تشکیلِ نو کے بعد پہلی میٹنگ تھی۔ اِس سے قبل ایس کے آئی سی سی بورڈ کی آخری میٹنگ نومبر 2020 ء میں منعقد ہوئی تھی۔اِس کے بعد وزیراعلیٰ نے جے کے ٹی ڈِی سی کے 95ویں بورڈ آف ڈائریکٹرزمیٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جے کے ٹی ڈِی سی کے اثاثوں کی مرئیت میں اضافے پر زور دیا تاکہ سیاح اور عوام جے کے ٹی ڈِی سی ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں قیام کو ترجیح دیں۔ اُنہوں نے خدمات میں بہتری اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی تاکہ مہمانوں کا تجربہ خوشگوار ہو اور وہ ہر دورے پر جے کے ٹی ڈِی سی کو ترجیح دیں۔اُنہوں نے دُور دراز سیاحتی علاقوں میں واقع ہٹوں میں رات گزارنے کی سہولیت بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے جے کے ٹی ڈِی سی کے زیادہ سے زیادہ کمروں بشمول پریمیم کمروں، کو آن لائن ٹریول ایگریگیٹرز کے ذریعے مارکیٹ کرنے کی ہدایت دی تاکہ ہوٹلوں او رہٹوں کا مکمل اِستعمال ممکن ہو سکے۔ اُنہوں نے جے کے ٹی ڈِی سی کی خدمات کی بہتر رَسائی اور مارکیٹنگ کے لئے موبائل ایپ تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔