عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیرزراعت جاوید احمد ڈار نے کل سول سیکرٹریٹ سری نگر میں آبپاشی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کے بارش والے علاقوں میں موجودہ آبپاشی سہولیات کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری لانے کے لئے ممکنہ اَقدامات کی نشاندہی کرنا تھا۔وزیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جدید آبپاشی ٹیکنالوجی کو عملانے، پانی ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے اور پانی کے تحفظ کے طریقوں کو فروغ دینے جیسے ممکنہ حل پر کام کریں۔اُنہوںنے حکومت کی جانب سے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے عزم کو دوہرایابالخصوص اُن علاقوں میں جہاں زراعت کا انحصار بارش پر ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں آبپاشی کی سہولیات کو بہتر بنا کر کسانوں کو سہولیت فراہم کی جا سکتی ہے اور فصل کی پیداوار میں اِضافہ کیا جا سکتا ہے۔وزیر زراعت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ان اضلاع کے مکمل طور پر بارش والے علاقوں میں مناسب مقامات کی نشاندہی کریں جہاں مختلف سکیموں کے تحت بورویل لگائے جا سکتے ہیں اور اِس سلسلے میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے۔