نگرانی کا طریقہ کار ہمہ وقت قائم:اتل ڈلو
سرینگر//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے بدھ کو ننون اور چندن واڑی بیس کیمپوں کا دورہ کرکے امرناتھ یاترا 2025 کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے ننون کیمپ میں سول انتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور امرناتھ شرائین بورڈ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دورا ن چیف سیکرٹری کو یاترا کے انتظامات کے مختلف پہلوؤں بشمول رہائش کی سہولیات، خیموں کی دستیابی، پانی و بجلی کی فراہمی، صحت سہولیات، صفائی اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ یاتریوں کو بلاتعطل سہولیات فراہم کرنے کیلئے چوبیس گھنٹے نگرانی کا طریقہ کار قائم کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے سیکورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جن میں اہلکاروں کی تعیناتی، نگرانی کے اقدامات، چہرہ شناسی ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وِی نگرانی اور مربوط کنٹرول رومز شامل ہیں۔ انہوں نے یاتریوںکی حفاظت کیلئے کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات پر خصوصی پر زور دیا۔ بعد میں انہوں نے ننون بیس کیمپ کا معائنہ کیا اور یاتریوں، طبی عملہ، سرکاری افسران، خدمت فراہم کرنے والوں اور لنگر سیواداروںسمیت مختلف شراکت داروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے زمینی صورتحال کا خود جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ یاترا کے دوران اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھا جائے۔یاتریوں نے بھی انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی مخلصانہ اور مؤثر اقدامات کی ستائش کی۔بعد اذاں چیف سیکرٹری نے چندن واڑی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں طبی سہولیات، ایمرجنسی ردعمل کے نظام اور بلند مقام پر صحت کے مسائل سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے صحت حکام کو ہدایت دی کہ طبی عملے، ایمبولینسوں اور اَدویات کی مناسب دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹری اَتل ڈلو کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ایس ایف حامد، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ، کیمپ ڈائریکٹر اور سول اِنتظامیہ ، محکمہ پولیس ، ایس اے ایس بی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی تھے۔