اظہر حسین
کولگام// مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 10 اپوزیشن ٹریڈ یونینوں کی طرف سے بلائے گئے بھارت بند کا ملا جلا اثر دیکھا گیا۔ملک بھر کی مختلف تنظیموں کی جانب سے دی گئی ایک روزہ بند کی کال کے پیشِ نظر کل کولگام میں سینٹرل ٹریڈ یونین (سی آئی ٹی یو)کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جس میں جموں کشمیر ایپل فیڈریشن کے لیڈر ظہور احمد، کسان تحریک رہنما محمد افضل پرے کے ساتھ سی پی آئی ایم کے محمد عباس کے علاوہ متعد مزدور یونینوں کے کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مرکزی حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی جنہیں وہ مزدور اور کسان مخالف قرار دیتے ہیں۔ مقررین نے الزام لگایا کہ حکومت کی اقتصادی و زرعی پالیسیاں عام آدمی، محنت کش طبقے، کسانوں اور سرکاری ملازمین کے حقوق کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، نجکاری، اجرتوں میں جمود، روزگار میں کمی اور زرعی شعبے کو درپیش بحران جیسے مسائل نے محنت کش طبقے کو بے حد مشکلات میں ڈال دیا ہے۔