یواین آئی
دبئی/ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیسٹ رینکنگ میں 15 درجے کی چھلانگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک ہم وطن جو روٹ کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق ایجبسٹن میں پہلی اننگ میں 158 رنز بنانے والے انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک نے اپنے ساتھی کھلاڑی جو روٹ کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے اور اب وہ روٹ سے 18 پوائنٹس آگے ہیں۔ جو روٹ اب دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔دوسرے ٹیسٹ میں 269 اور 161 رنز کی تاریخی اننگز کھیلنے والے ہندوستانی ٹیسٹ کپتان شبھمن گل 15 درجے ترقی کر کے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ ان کے کیریئر کے بہترین 807 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اس کے علاوہ کین ولیمسن (تیسرے )، یشسوی جیسوال (چوتھے ) اور اسٹیون اسمتھ (پانچویں) ہیں۔اپنے کیریئر کی ناٹ آؤٹ 184 رنوں کی بہترین اننگ کھیلنے والے انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جیمی اسمتھ کو بھی فائدہ ہوا ہے ۔ وہ 16 درجے چڑھ کر 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ناٹ آؤٹ 367 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ویان ملڈر کو بلے بازوں اور آل راؤنڈرز، دونوں کی درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے ۔