عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ عام شہری سڑکوں پر مظاہروں کے ذریعے پاکستان کی حمایت یافتہ ملی ٹینسی کے خلاف موقف اختیار کر رہے ہیں جو وادی میں امن کے قیام کے لیے ایک اچھی علامت ہے۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی صرف ایک پرامن اور محفوظ ماحول میں ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملی ٹینٹوں کی معاشرے میں جگہ بنانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔سنہا ایس کے آئی سی سی میں دو روزہ سیاحتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت بھی شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا”عام شہری ملی ٹینسی کے خلاف موقف اختیار کر رہے ہیں، پاکستان کے حمایت یافتہ ملی ٹینٹوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج وادی میں مستقل امن کے قیام کے لیے ایک اچھی علامت ہے‘‘۔ سنہا نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا’’ پورے جموں کشمیر کو اٹھ کھڑا ہونا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس خوبصورت مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ملی ٹینٹوں کی کوئی جگہ نہیں ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ملی ٹینسی کو ایک مناسب جواب ہے اور امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف جموں کشمیر کے مارچ کی عکاسی کرتی ہے۔ ایل جی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ایک نہ رکنے والی طاقت ہے اور یہ پھلتی پھولتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سیاحت کے شعبے میں گزشتہ چند سالوں میں ایک غیر معمولی تبدیلی آئی ہے۔انکا کہنا تھا”ہم نے روایتی ٹورازم سرکٹس کو مضبوط کیا اور سیاحت کے افق کو بڑھایا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ سیاحت کے فوائد جموں و کشمیر کے ہر کونے تک پہنچیں اور زندگیوں کو بدل دیں۔ایل جی نے مزید کہاکہ سیاحت کے شعبے کی ترقی پرامن اور محفوظ ماحول میں ہی ممکن ہے، جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے خاتمے میں سیکورٹی فورسز کا بہت بڑا کردار ہے لیکن معاشرے کا کردار بھی کم نہیں ہے۔