عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جنوبی کشمیر کے کولگام قصبہ میں واقع بزرگ ولی حضرت سید حسن سمنانیؒ کی خانقاہ میں نامعلوم افراد نے رات کے وقت گھس کر چندہ بکس توڑ دیا اور اس میں موجود نقدی رقم لوٹ لی، جس پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ رات کے اوقات میں پیش آیا جب چوروں نے خانقاہ کے احاطے میں نصب بڑے چندہ بکس کی توڑ پھوڑ کر کے عقیدتمندوں کی جانب سے دی گئی بڑی رقم چرا کر فرار ہو گئے۔ خانقاہ میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو نامعلوم افراد کو بکس توڑتے اور رقم چراتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک مقامی شخص نے بتایا، ’’یہ کوئی معمولی چندہ بکس نہیں تھا، بلکہ بہت بڑا بکس ہے جس میں ہمیشہ بڑی رقم جمع ہوتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کام وہ منشیات کے عادی افراد کرتے ہیں جو آسان پیسے کے لیے گھومتے پھرتے رہتے ہیں۔‘‘
صبح سویرے جب زائرین خانقاہ پہنچے تو بکس ٹوٹا ہوا اور رقم غائب دیکھ کر سخت حیران اور افسردہ ہو گئے۔ کئی افراد نے اس حرکت کو صرف چوری نہیں بلکہ روحانی و تاریخی مقام کی توہین قرار دیا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جلد ملزمان کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔دوسری جانب مقامی مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی چوکسی برتنے کی اپیل کی اور حکومت سے منشیات کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔
کولگام میں خانقاہ کے چندہ بکس سے سارقان نے نقدی اُڑا لئے
