یو این آئی
تل ابیب// اسرائیلی فوج نے یمن کے حوثی کنٹرول والے علاقوں میں 3 بندرگاہوں اور ایک پاور پلانٹ پر بمباری کی ہے ، جس کے جواب میں حوثیوں نے اسرائیلی علاقے کی طرف مزید میزائل داغے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ گزشتہ روز اس نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع الحدیدہ، راس العیسیٰ اور الصلیف کی بندرگاہوں کے علاوہ راس کتیب کے پاور پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا۔صہیونی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے گیلیکسی لیڈر نامی جہاز پر نصب ایک ریڈار سسٹم کو بھی نشانہ بنایا، جو حوثیوں کے قبضے میں ہے اور اب تک الحدیدہ کی بندرگاہ پر کھڑا ہے ۔تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔اسرائیل نے یہ حملے تقریباً ایک ماہ کے وقفے کے بعد یمن پر کیے ہیں، یہ اس وقت کیے گئے جب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے اتوار کی صبح یمن سے داغا گیا ایک میزائل روک لیا ہے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یمن سے 2 میزائل داغے گئے جنہیں روکنے کی کوشش کی گئی، ان حملوں کے دوران یروشلم، الخلیل (ہیبرون) اور بحیرہ مردار کے قریب کے علاقوں میں سائرن بج اٹھے ۔اسرائیل کی ایمرجنسی سروس نے کہا کہ کسی جانی نقصان یا میزائل گرنے کی اطلاع نہیں ملی، یہ تازہ کشیدگی ایسے نازک موقع پر سامنے آئی ہے جب غزہ میں اسرائیلی جنگ بندی کے امکانات زیرِ غور ہیں اور تہران (امریکی فضائی حملوں کے بعد) دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر غور کر رہا ہے ۔اتوار کی رات یمن میں انصار اللہ سے وابستہ نیوز چینل ‘المسیرہ ٹی وی’ نے اطلاع دی کہ بمباری الحدیدہ کی بندرگاہی شہر پر ہوئی، جب کہ ‘صبا’ نیوز ایجنسی نے تینوں بندرگاہوں اور پاور اسٹیشن پر حملے کی تصدیق کی۔