عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کی سکولی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد جموں و کشمیر بھر کے سکول منگل سے دوبارہ کھل جائیں گے۔وزیر تعلیم کے اعلان نے گرمی کی شدید لہر کے باوجود موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔ کشمیر میں سکولوں کے لیے 15 دن کی چھٹی 23 جون کو شروع ہوئی تھی۔سکولوں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان سرینگر میں سات دہائیوں میں سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت دیکھنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ اس سال کشمیر میں بھی تقریباً 50 سالوں میں گرم ترین جون ریکارڈ کی گئیں۔ایتو نے کہا، ہم کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے سرمائی علاقوں میں منگل سے سکول دوبارہ کھول رہے ہیں۔سرینگر اور دیگر میونسپل علاقوں میں، سکول صبح 7:30 بجے سے 11:30 بجے تک کام کریں گے۔دیہی اور میونسپل حدود سے باہر کے علاقوں میں، سکول کے اوقات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔ یکم سے 5ویں تک کوئی آن لائن کلاسز نہیں ہونگے البتہ چھٹی جماعت سے دسویں اور ہائر سکنڈری سطح تک ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد، تمام طلبا کے لیے دو آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر 2:00 بجے تک تعلیمی معاونت کے لیے دستیاب رہیں۔انہوں نے کہا کہ “تمام سربراہان اداروں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ آن لائن کلاسز بغیر کسی استثنا کے منعقد کیے جائیں،” ۔