عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر برائے سیاحت، گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد وادی کشمیر میں سیاحت کے شعبے پر جو منفی اثرات مرتب ہوئے تھے، وہ اب بتدریج ختم ہو رہے ہیں اور سیاحوں کا اعتماد بحال ہوتا جا رہا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میں منعقدہ دو روزہ قومی سیاحتی اجلاس کے دوران کیا، جس میں ملک کی مختلف ریاستوں کے نمائندوں، سیاحت کے ماہرین، اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
وزیر موصوف نے کہا،’مرکزی حکومت کی جانب سے جو اعتماد سازی کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ان کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ کشمیر ایک محفوظ اور پُرکشش سیاحتی مقام ہے اور ہمیں مل کر دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ یہاں آنے میں کوئی خوف یا خطرہ نہیں۔‘
انہوں نے تمام ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کو بطور ’محفوظ سیاحتی مقام‘ فروغ دیں اور اپنے یہاں سے آنے والے سیاحوں کو وادی کی طرف راغب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثہ اور مہمان نوازی عالمی سطح کی سیاحتی خدمات میں شمار کی جا سکتی ہے بشرطیکہ ان امکانات کو جدید انداز میں فروغ دیا جائے۔گجیندر سنگھ شیخاوت نے زور دیا کہ ہمیں ایسے تخلیقی اور جدید آئیڈیاز پر کام کرنا ہوگا جو سیاحوں کے تجربے کو بہتر بنائیں اور عالمی معیار کے سیاحتی مقامات قائم کیے جا سکیں۔
ان کے مطابق پہلگام میں پیش آئے حالیہ دہشت گردانہ واقعے نے کشمیر کی سیاحت کو متاثر ضرور کیا، لیکن کشمیری عوام نے اس نازک وقت میں جو صبر، حوصلہ اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے مزید کہا، ’میں جموں و کشمیر کی انتظامیہ، حکومت، وزیراعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے فوری ردعمل اور بہتر حکمتِ عملی کے ذریعے حالات کو سنبھالا اور سیاحتی ڈھانچے کو جلد از جلد بحال کیا۔‘
مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت وادی میں سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور جلد ہی اس کے بہتر نتائج نظر آئیں گے۔ انہوں نے ریاستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیر کو ایک محفوظ اور خوشگوار سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دیں۔اس اجلاس میں سیاحتی شعبے میں بنیادی ڈھانچے، ہوٹلنگ، ہوائی و سڑک رابطوں کی بہتری، ایکو ٹورازم، اور مقامی ثقافت کو عالمی پلیٹ فارم پر روشناس کرانے جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
کشمیر میں سیاحتی شعبے کی بحالی حکومت ہند کی اولین ترجیح: گجیندر سنگھ شیخاوت
