عارف بلوچ
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ خطے کی ترقیاتی پیش رفت کو پٹری سے اتارنے اور مختلف برادریوں کے درمیان نفاق پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
لوکھبون لارکی پورہ اننت ناگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ایل جی سنہا نے پاکستان کو ایک ’’دہشت گرد ملک‘‘قرار دیا جو گزشتہ پانچ برسوں میں جموں و کشمیر میں حاصل کی گئی ترقی کو ختم کرنے پر تلا ہوا ہے۔انہوں نے کہاپاکستان جموں و کشمیر کی پانچ سالہ ترقی کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ وہ ہماری یکجہتی کو توڑنا چاہتا ہے۔ ہمیں اس کی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔
ایل جی سنہا نے زور دے کر کہا کہ دشمن کے ایجنڈے کو شکست دینے کا واحد راستہ اتحاد اور اجتماعی مزاحمت ہے۔ انہوں نے کہا، ہم سب کو دہشت گرد ملک کی ان ناپاک سازشوں کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔ ایل جی نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، لیکن عوام کا تعاون بھی اتنا ہی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتظامیہ امن اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے، لیکن یہ مقصد صرف تب حاصل کیا جا سکتا ہے جب عوام ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں سرگرم حصہ لیں۔ ہمیں اپنی پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو بروقت معلومات فراہم کرنی ہوں گی تاکہ اس ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
سیکورٹی اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے صبر اور حوصلے کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، متعدد اشتعال انگیزیوں کے باوجود جموں و کشمیر کے لوگوں نے غیر معمولی صبر اور ضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم کسی کو بھی تقسیم در تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پاکستان جموں و کشمیر کی ترقی اوریکجہتی سے ناخوش : منوج سنہا
