عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مسلسل بارش کے درمیان، 7,200 سے زیادہ یاتریوں کی ایک تازہ کھیپ اتوار کو صبح سویرے جموں بیس کیمپ سے جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع امرناتھ گھپا کیلئے روانہ ہوئی۔38 روزہ سالانہ یاترا، جو 3 جولائی کو شروع ہوئی تھی، اتوار کو 50,000 کا ہندسہ عبور کر گئی۔حکام نے بتایا کہ 7,208 یاتریوں کی پانچویں کھیپ، بشمول 1,587 خواتین اور 30 بچے، دو الگ الگ قافلوں میں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے صبح 3:35 سے 4:15 کے درمیان سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان روانہ ہوئے۔بدھ (2 جولائی 2025) کے بعد یاتریوں کی یہ سب سے بڑی کھیپ تھی۔اس کے ساتھ ہی کل 31,736 یاتری جموں کے بیس کیمپ سے وادی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔پہلا یاتریوں کا قافلہ 147 گاڑیوں میں 3,199 یاتریوں کو لے کر بالتال راستے کے لیے روانہ ہوا اور اس کے بعد 160 گاڑیوں میں 4,009 یاتریوں کا دوسرا قافلہ پہلگام کے راستے کی جانب روانہ ہوا۔یاتریوں نے موسلا دھار بارش کی صورتحال بھی دیکھی جو جموں کے وسیع حصوںمیں ہوئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ 3 جولائی کو یاترا کے آغاز کے بعد سے اب تک 50,000 سے زیادہ یاتریوں نے درشن کئے ہیں۔22 اپریل کو پہلگام حملے کے باوجود جس میں 26 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، سخت حفاظتی انتظامات میں یاترا معمول کے مطابق جاری ہے۔یاترا کے لیے اب تک 3.5 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے آن لائن رجسٹریشن کرایا ہے۔ جموں بھر میں 34 رہائش کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، اور یاتریوں کو ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹی فکیشن (RFID) ٹیگ جاری کیے جا رہے ہیں۔