عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ایک بڑی پیش رفت کے طور پر مرکزی وزارت سیاحت 7 اور 8 ؍جولائی 2025 ء کو شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی )سری نگر میں تمام ریاستوں اور یوٹیزکے سیاحتی سیکرٹریوں کی دو روزہ قومی کانفرنس کا اِنعقاد کر رہی ہے۔ یہ پہلا موقعہ ہے کہ یہ اہم کانفرنس جموں و کشمیر میں منعقد ہو رہی ہے۔ تقریب میں ملک بھر سے سیاحتی سیکریٹریز اور محکموں کے سربراہان شرکت کریں گے تاکہ سیاحتی شعبے میں مشترکہ پالیسی سازی اور سٹریٹجک منصوبہ بندی پر اعلیٰ سطحی مشاورت کی جا سکے۔ تقریب میں مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت، مرکزی داخلہ سیکرٹری اور سیاحتی سیکرٹری کی شرکت بھی متوقع ہے۔کانفرنس میں 2025-26 ء کے سیاحت سے متعلق بجٹ اعلانات، سیاحتی مقامات کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کے اقدامات، منظور شدہ منصوبوں کا جائزہ، تشہیر و مارکیٹنگ کی حکمت عملی، سرمایہ کاری کے مواقع اور فلم سیاحت کو فروغ دینے جیسے اہم قومی پالیسی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔8 جولائی کویوٹی کے لئے ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوگاجس میں اعلیٰ سطحی افسران کے ساتھ ساتھ مرکزی داخلہ سیکرٹری کی شرکت بھی متوقع ہے۔ تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میںکمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے کل ایس کے آئی سی سی میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی بھی تھے جنہوں نے انہیں لاجسٹک، مہمان نوازی اور سیکورٹی سے متعلق اقدامات پر بریف کیا۔ یشا مدگل نے کہا،’’یہ جموں و کشمیر کے لئے ایک فخر کا لمحہ ہے۔ ملک بھر کے سیاحتی رہنماؤں کی میزبانی ہمارے لئے ایک اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ ہم شاندار انتظامات اور بہترین ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔