عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے غیرمعمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت دیکھا جا رہا ہے۔ جون کے آخری ہفتے سے کم و بیش 34ڈگری درجہ حرارت رہا جبکہ مجموعی طور پر درجہ حرارت 35ڈگری بھی چھو گیا۔سرینگر میں5جولائی سنیچر کو سورج نے دن بھر آگ برسائی۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات میں کم سے کم ریکارڈدرجہ حرارت رہا جبکہ صبح سے ہی گرمی کی شدت محسوس کی گئی۔سنیچر کو جولائی 1953 کے بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت 37.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔یہ ایک صدی میں جولائی کا تیسرا گرم ترین دن تھا۔ سرینگر میں ہفتے کے روز ریکارڈ توڑ 37.4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا، جو 1953 کے بعد جولائی کا گرم ترین دن اور 1892 کے بعد جولائی کا تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت 1892 کے بعد جولائی کا تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا، جو کہ جاری ہیٹ ویو کی شدت کو ظاہر کرتا ہے جس نے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔انہوں نے کہا، “یہ جولائی کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے جو سرینگر میں 72 برسوں میں دیکھا گیا ہے” ۔انہوں نے کہا”وادی کی آب و ہوا کی تاریخ میں اس طرح کا درجہ حرارت انتہائی کم دیکھنے کو ملا ہے۔”محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اتنی شدید گرمی انتہائی غیر معمولی ہے اور موسمی نمونوں کی تبدیلی کا واضح اشارہ ہے۔” میٹ سینٹر سرینگر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا درجہ حرارت 37.4 ڈگری، 5 جولائی 1953 کو ریکارڈ کیے گئے جولائی کے دوسرے سب سے زیادہ 37.7 ڈگری سینٹی گریڈ سے تھوڑا کم ہے۔ریکارڈ توڑ گرمی صرف سرینگر تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ پہلگام، کوکرناگ اور قاضی گنڈمیں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اتوار سے شروع ہونے والی راحت کی پیش گوئی کی ہے، آنے والے دنوں میں وادی کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ریکارڈ درجہ حرارت کے باوجود، حکام پرامید ہیں کہ پیش گوئی کی گئی بارش اعتدال پسند حالات میں مدد کرے گی اور خطے میں بہت ضروری راحت دے گی۔گذشتہ شب وادی کے شمال و جنوب میں کم سے کم درجہ حرارت میں بھی نئے ریکارڈ بن گئے۔سرینگر میں گذشتہ شب24.5 ڈگری درجہ حرارت رہا ، جو جولائی میں چوتھا سب سے زیادہ کم درجہ حرارت تھا۔تیسرا شبانہ کم درجہ حرارت 24.6 (28 جولائی 2024 )،دوسرا: 24.8 ( 29 جولائی 2024 ) اورپہلا 25.2 ڈگری( 21 جولائی 1988 ) کو درج کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں23.4 ڈگری درج ہوا جہاںپچھلا ریکارڈ 18 جولائی 1997 کو 22.8 ڈگری کا تھا۔پہلگام میں20.0 ڈگری شبانہ درجہ حرارت رہا۔فسٹ 20.2 ڈگری( 30 جولائی 2013 ) اورتیسرا 19.7 ڈگری ( 26 جولائی 2021 ) کا تھا۔21.8 ڈگری کوکرناگ کا شبانہ درجہ حرارت رہا۔ یہاںپہلا بلند ترین 22.6 ڈگری( 02 جولائی 2005 ) کو اورتیسرا بلند ترین 21.7 ڈگری( 09 جولائی 2006 ) کو ریکارڈ کیا گیا۔