عظمیٰ نیوزسروس
کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کولگام کے شاہو علاقے میں واقع امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور دسویں محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے اَپنے دورے کے دوران مقامی کمیونٹی کے اراکین، مذہبی رہنماؤں اور عزاداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اُنہوں نے پُرامن اور باوقار طریقے سے عاشورہ کے اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا ،’’محرم مسلمانوں کے لئے گہری روحانی اور ثقافتی اہمیت رکھتا ہے اور ہمارا اِجتماعی فرض ہے کہ عزاداروں کے لئے وقار، تحفظ اور سہولیت کا ماحول فراہم کریں۔‘‘سکینہ اِیتو نے اَفسران کو ہدایت دی کہ عزاداروں کی سہولیت کے لئے محرم کے جلوسوں کے راستوں پر محکمہ صحت کی مناسب اَفرادی قوت تعینات کی جائے۔اُنہوں نے محرم کی تاریخی اور روحانی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امام بارگاہوں کے اِرد گرد ضروری خدمات، صفائی ستھرائی، سیکورٹی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیر موصوفہ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ متعلقہ محکمے مقامی کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور عزاداروں کی ضروریات جیسے مناسب روشنی، پینے کا پانی، طبی امداد اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں۔ دورے کے دوران وزیر سکینہ اِیتو کے ہمراہ چیف میڈیکل آفیسر، مختلف شعبہ جات کے ایگزیکٹیواِنجینئران، ضلع اور سیکٹورل افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران بھی تھے۔