عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سائبر جرائم میں ملوث مجرموں کے نام سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص غلط معلومات پھیلانے، بدامنی پھیلانے یا امن عامہ میں خلل ڈالنے کیلئے آن لائن پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بردی نے افواہ پھیلانے، آن لائن فراڈ اور اشتعال انگیز مواد کی گردش کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں خطے میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا ’’ جو کوئی بھی ڈیجیٹل ذرائع سے امن عامہ میں خلل ڈالنے یا بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتا پایا گیا اس کے ساتھ قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔‘‘ انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کریں اور غیر تصدیق شدہ مواد کو آگے بھیجنے سے گریز کریں۔آئی جی پی نے کہا کہ کشمیر کا سرشار سائبر پولس ونگ شکایات کا فعال طور پر جواب دے رہا ہے اور سائبر فراڈ، شناخت کی چوری اور ڈیجیٹل نقالی کے کئی کیسوں کو کامیابی سے کچل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سائبر پولیس کا ایک مضبوط انفراسٹرکچر موجود ہے۔ ہمارے سائبر یونٹ چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور عوام سے موصول ہونے والی شکایات پر تیزی سے کارروائی کر رہے ہیں۔