عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع پولیس کشتواڑ نے 24 گھنٹوں کے اندر ایک اندھے قتل کے معاملے کو حل کرتے ہوئے ایک سنسنی خیز انکشاف کیا ہے، جس میں ناجائز تعلقات کے نتیجے میں ایک شخص کا بے رحمانہ قتل کیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے مبینہ قاتل جو کہ ایک میاں بیوی ہیں، کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 2 جولائی کو پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں اطلاع ملی کہ دراب سرتھل کے قریب ایک ایکو گاڑی (نمبر JK17A/7539) سڑک کنارے کھڑی ہے جس کے اندر ایک مرد کی لاش موجود ہے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ڈی ڈی نمبر 6 کے تحت ابتدائی تحقیقات شروع کیں۔موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ڈاکٹر ایشان گپتا اور ایس ایچ او فردوس احمد کی قیادت میں ٹیم روانہ کی گئی۔ تحقیقات کے بعد متوفی کی شناخت پون کمار ولد تارا چند، ساکن لوئر بیڈا، ناگسینی کے طور پر ہوئی۔مزید تفتیش میں انکشاف ہوا کہ پون کمار، اجلا دیوی زوجہ سندیپ کمار کے ساتھ ناجائز تعلقات میں تھا۔ جب شوہر سندیپ کمار کو اس تعلق کا علم ہوا، تو اْس نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر پون کمار کے قتل کی سازش رچی۔ یکم جولائی کو اجلا دیوی نے پون کمار کو گھر بلایا، جہاں دونوں نے مل کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔بعد ازاں نعش کو گاڑی میں ڈال کر سڑک کنارے چھوڑ دیا گیا تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جا سکے۔ ٹھوس شواہد ملنے پر پولیس نے ایف آئی آر نمبر 156/2025 زیر دفعہ 103(1) و 3(5) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔