سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے تھنہ منڈی علاقے کے مشہور و معروف روحانی مقام، درگاہ بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف میں سالانہ دو روزہ عرس 5 اور 6 جولائی کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند اس مذہبی اجتماع میں شرکت کریں گے، جس کا انعقاد جموں و کشمیر وقف بورڈ کی زیر نگرانی ہوگا۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) راجوری، گورو سکروار نے جمعرات کے روز درگاہ کا دورہ کیا اور سالانہ عرس کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں عرس کے پرامن اور مؤثر انعقاد کے لئے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہدرہ شریف کی یہ عظیم درگاہ نہ صرف روحانیت کا مرکز ہے بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی روشن مثال بھی ہے، جہاں ہر مذہب و ملت سے تعلق رکھنے والے لوگ آ کر دعا کرتے ہیں اور روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کے مطابق عرس کی تقریبات کا آغاز 5 جولائی کو ہوگا، جبکہ اختتامی دعائیں 6 جولائی کو ادا کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے بتایاکہ عرس کے دوران زائرین کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور وقف بورڈ باہمی ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس بابرکت تقریب میں شرکت کریں اور بابا غلام شاہ بادشاہ کے آستانہ عالیہ پر دعا و مناجات کریں۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ صاف پانی، طبی امداد، بجلی، صفائی ستھرائی، ٹریفک کنٹرول اور سیکورٹی کے مکمل انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عرس کے دوران کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔عرس کے سلسلے میں مقامی سطح پر بھی جوش و خروش پایا جا رہا ہے، اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شاہدرہ شریف کی جانب رواں دواں ہے۔