عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ ضلع کے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے سیکورٹی فورسز کی تلاشی مہم جمعہ کو تیسرے دن میں داخل ہوگئی، اس علاقے میںاضافی تعیناتی کے ساتھ گھیرا مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی بدھ کے روز کوچھال چھاتروکے گھنے جنگلات والے کنزل منڈو علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے انکائونٹر کے بعد شروع ہوئی۔تصادم اس وقت شروع ہوا جب فوج اور سی آر پی ایف کی مدد سے پولیس نے علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شام 7:45 بجے کے قریب محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے چھاترو جنگلاتی علاقے میں تلاشی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دو سے تین ملی ٹینٹ چھپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن میں ہیلی کاپٹر، ڈرون اور سنیفر ڈاگ استعمال کیے جا رہے ہیں اور اضافی نفری کی تعیناتی کے ساتھ محاصرے کو مزید تقویت دی گئی ہے۔گزشتہ ایک ہفتے میں جموں خطے میں بدھ کو ہونے والا دوسرا انکائونٹر تھا۔ 26 جون کو، جیش محمد کا ایک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارا گیا جب کہ اس کے تین ساتھی اودھم پور ضلع کے بسنت گڑھ پٹی کے جنگلاتی علاقے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔