عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// زراعت ، کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے سکاسٹ کے چھٹے جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی اور طلبا کو ڈگریاں عطا کیں۔ شیوراج سنگھ نے اس موقعہ پرکہا کہ ” جموں و کشمیر ہندوستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہے، ہم نے کل وزیر اعلیٰ کے ساتھ زراعت اور دیہی ترقی پر گہرائی سے جائزہ لیا۔ جموں و کشمیر کی ترقی کو تیز کرنے پر ہم نے تفصیلی بات چیت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی وکست بھارت کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں اور اس کے لیے بااختیار کسانوں کے ساتھ ایک خوشحال جموں و کشمیرناگزیر ہے، ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔‘‘نیتی آیوگ کی پچھلی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ، چوہان نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے کہا کہ ’’آپ نے وزرا سے جموں و کشمیر آنے اور مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کی جذباتی اپیل کی تھی، آپ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ کس طرح اندرونی حالات مستحکم ہوتے ہیں اور جنہیں صرف بیرونی عناصر سے پریشانی کا سامنا ہوتا ہے، ہم نے آپ کی دعوت قبول کی اور کل مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ 30 ہندوستانی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے آنے والے طلباء کی میزبانی کرتی ہے ، جس سے یہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے زراعت کی ناقابل تلافی قدر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “کاشتکاری کے بغیر نہ تو جموں و کشمیر ، نہ ہی ملک اور نہ ہی دنیا کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی پیداوار، فیکٹریوں میں نہیں تیار کی جا سکتی ہے۔ زراعت ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور نصف سے زیادہ آبادی کے لیے بنیادی روزی روٹی ہے۔