وِکست بھارت کیلئے وِکست جموں و کشمیر ضروری:چوہان
سرینگر//مرکزی وزیر زراعت و بہبودکساناں ، دیہی ترقی و پنچایتی راج شیو راج سنگھ چوہان اور وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے جموں وکشمیر میں زرعی اور دیہی ترقی کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم اَقدام میں کل سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی۔اِس موقعہ پر وزیرا علیٰ اور مرکزی وزیر زراعت کی موجودگی میں کدمبشری اور جے کے آر ایل ایم کے درمیان جموںوکشمیر کے تمام 20 اَضلاع میں 20 فوڈ سروس اَنٹرپرائزز کے قیام کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے جس سے مقامی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اِس کے علاوہ ’ہر دیدی، ایک کہانی ‘نامی کتابچہ کا اجرأ بھی عمل میں آیا جس میں زائد اَز 100 ایسی خواتین کی کامیاب داستانیں شامل ہیں جو لکھپتی دیدی بن گئی ہیں۔چوہان نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’وِکست بھارت کے لئے وِکست جموں و کشمیر ضروری ہے۔ میں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور ان کی ٹیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرتا ہوں۔‘‘وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا،’’چند دن قبل نیتی آیوگ میٹنگ میں آپ سے جموں و کشمیر خصوصاً پہلگام واقعے کے بعد دورے کی درخواست کی تھی تاکہ لوگوں کو یقین دِلایا جا سکے کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے۔ آج آپ اَپنی مکمل ٹیم کے ساتھ یہاں موجود ہیں جس سے آپ کی سنجیدگی اور یکجہتی ظاہر ہوتی ہے۔‘‘اس سے قبل میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ زراعت شیلندر کمارر اورسیکرٹری دیہی ترقیات اور پنچایتی راج اعجا ز اسد نے متعدد مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت عمل آوری کی صورتحال، طبعی و مالی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں پی ایم کسان، آر کے وی وائی، ایم آئی ڈی ایچ، ایم جی نریگا، پی ایم اے وائی۔جی، این آر ایل ایم کی عمل آوری اور حاصل کردہ اہداف کا جائزہ شامل تھا۔مرکزی وزیر اور وزیراعلیٰ نے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے، خواتین کو بااِختیار بنانے اور مرکز و ریاست کے مابین قریبی تعاون سے جموں و کشمیر میں زرعی و دیہی ترقی کے نئے دور کے آغاز کا عزم ظاہر کیا۔