عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں بدھ کی شام شروع ہونے والی جھڑپ کے بعد سلامتی دستوں نے دہشت گردوں کی تلاش کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، کشتواڑ کے کُچل-چھاترو علاقے کے کنزل منڈو جنگلات میں بدھ کی شام قریب ساڑھے سات بجے سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جب تلاشی مہم شروع کی تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد جھڑپ چھڑ گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو سے تین دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ہے جن میں کم از کم ایک کے زخمی ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔ آپریشن میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم حصہ لے رہی ہے اور پورے علاقے کو سخت محاصرے میں لیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز کو ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور اضافی کمک کی مدد حاصل ہے تاکہ ممکنہ فرار کے راستے بند کیے جا سکیں اور دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا جا سکے۔
سیکورٹی حکام کے مطابق، یہ ملی ٹینٹپاکستان میں قائم شدت پسند تنظیم جیش محمد سے وابستہ ہیں۔یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جموں خطے میں دوسرا بڑا تصادم ہے۔ اس سے قبل 26 جون کو ضلع اُدھمپور کے بسنت گڑھ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران جیش محمد کا ایک پاکستانی دہشت گرد مارا گیا تھا جبکہ اُس کے تین ساتھی جنگل کی طرف فرار ہو گئے تھے۔
کشتواڑ کے جنگلات میں ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری
