عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ضلع راجوری کی منجا کوٹ تحصیل میں واقع جموںکوٹ تا کوٹلی کالابن رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے لگ بھگ نصف درجن پنچایتوں کے ہزاروں مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ کھڈے بن چکے ہیں اور کئی مقامات پر تارکول مکمل طور پر اکھڑ چکا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ روزمرہ آمد و رفت بھی خطرناک بن چکی ہے۔مقامی لوگوں نے سڑک کی بدحالی پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سڑک کی حالت دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ خوابِ غفلت میں سویا ہوا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ منجا کوٹ کے دور دراز علاقوں کو جوڑنے والی یہ سڑک ایک اہم رابطہ ذریعہ ہے، لیکن اس پر عدم توجہی کی وجہ سے لوگ طبی سہولیات، تعلیمی اداروں اور دیگر بنیادی خدمات سے محروم ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے وقت نکاسی آب کا کوئی مؤثر بندوبست نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے سڑک کے آس پاس کی زرعی زمینیں برسات کے موسم میں بارش کے پانی سے شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ پانی جمع ہونے سے زمینیں کٹاؤ کا شکار ہو رہی ہیں اور فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، جس سے کسان طبقہ معاشی مشکلات میں مبتلا ہے۔سڑک پر سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ روزانہ حادثات کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے، خاص طور پر اسکول جانے والے بچوں اور بیماروں کے لئے یہ سڑک ایک آزمائش بن گئی ہے۔ اہلِ علاقہ نے ضلع انتظامیہ، لیفٹیننٹ گورنر اور جموں و کشمیر حکومت سے پْر زور اپیل کی ہے کہ اس سڑک کی فوری مرمت کی جائے اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ نہ صرف آمد و رفت میں آسانی ہو بلکہ زرعی زمینوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔مقامی سماجی کارکنان نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حکومت سے گزارش کی ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور عوامی مشکلات کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر جلد مرمت نہ کی گئی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔